بھارت، بہار میں زہریلی شراب پینے سے مرنیوالوں کی تعداد 11 ہو گئی
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست بہار میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی اور 30 دیگر بیمار ہو گئے۔ چینی خبر رساں ادارے نے سارن ضلع کے کلکٹریٹ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ریاست بہار کی راجدھانی پٹنہ سے تقریبا 55 کلومیٹر دور شمال میں سارن ضلع کے مختلف علاقوں سے زہریلی شراب کے باعث اموات کی اطلاعات ملی تھیں۔سارن ضلع کے کلکٹریٹ کے ترجمان نے بتایا کہ بھٹھا اور رامداس پور دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے مزید 2 افراد مبینہ طور پرخود ساختہ زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 11ہوگئی جبکہ 30 افراد شدید متاثر ہیں جن کے پیٹ میں شراب پینے سے درد، نظر دھندلی اور الٹیاں لگ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیمار افراد چھپرا اور پٹنہ کے ہسپتالوں میں طبی علاج کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ علاقے سے 5 مشتبہ افراد سے 2 ہزار لیٹر خودساختہ شراب برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔


