سانحہ 8 اگست کے واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں 8ء اگست 2016ء کوئٹہ شہر میں صوبے کے نہایت محنتی اور عوام کے دلعزیز درجنوں وکلاء کے المناک سانحے کی چھٹی برسی کے موقع پرتمام وکلاء و دیگر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 اگست کے وحشت ناک، اندوھناک حملے میں آئین، جمہوریت اور قانون کی پاسداری کرنے والے نہایت محنتی اور قابل وکلاء کو خون میں نہلانے اور 70 سے زیادہ وکلاء کی اموات نے تمام ملک اور صوبے کو سوگوار کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے اس ناقابل برداشت واقعہ کی تحقیقاتی کمیشن سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا تھا اور کمیشن نے جو رپورٹ پیش کی اس پر کارروائی نہ کرنے کا عمل تمام ملک کے سیاسی جمہوری قوتوں اور محب وطن عوام کے لیئے سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ پر فوری عملدرآمد شروع کرنے اور واقعہ میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دینے کے مطالبہ کرتی ہے۔


