سیلاب متاثرین کا امدادی سامان لوٹنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، بلوچ یکجہتی کمیٹی
کراچی (انتخاب نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے لے جانے والے امدادی سامان کو کچھ مسلح عناصر کی جانب سے دھمکیاں دینے اور سامان لوٹنے کی کوشش کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ علاقے کے ایس پی اور ڈی سی کو بھی واقعے سے متعلق اطلاع دی گئی لیکن اب تک اْن کی جانب سے کوئی سیکورٹی اقدام نہیں آیا۔ شرم کریں وہ سردار جن کے لوگوں نے آج غنڈہ گردی کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھول گئے تھے کہ ہمارے نوجوان کراچی سے لسبیلہ ڈرنے نہیں گئے تھے، جس بہادری سے انہوں نے ان غنڈوں کا سامنا کیا اور اپنے ٹرک کا سامان سنبھالا اس پر یہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو واپسی کے لئے ابھی بھی کچھ خطرات لاحق ہیں اور ہم ابھی تک حکومتی نمائندوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم شکرگزار ہیں اوڑکی مسیت بازار کے مقامی لوگوں اور مری قوم کے جنہوں نے نہ صرف ہمارے نوجوانوں کی حفاظت کی بلکہ ان کو پناہ بھی دی۔


