بلوچستان میں14 اگست تک گرج چمک کیساتھ شدید بارشوں کا امکان

کوئٹہ(انتخاب نیوز)بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کی تباہ کن صورتحال کے بعد پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ 14 اگست تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ 16 اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق یکم جون سے 6 اگست مختلف حادثات میں 176 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 77 مرد، 44 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں۔ ہلاکتیں بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں، اس دوران حادثات کا شکار ہوکر 75 افراد زخمی ہوئے، صوبے بھر میں 18 ہزار 87 مکانات کو نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں