وفاق کا عمران خان کی گرفتاری، پی ٹی آئی اجلاس کے شرکاء پر مقدمے کا عندیہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے متنازع بیان دیے جانے کے بعد عندیہ دیا ہے کہ عمران خان کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ متنازع بیان دینے کا فیصلہ جس اجلاس میں ہوا تمام شرکاء کیخلاف مقدمہ درج ہوگا، ضرورت پیش آئی تو عمران خان کو گرفتار کریں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بیان دینے کی ڈیوٹی شہباز گل اور فواد چودھری کی لگی دیکھنا ضروری ہے، کیا اس بیان کے پیچھے پارٹی پالیسی تھی، ان سے بڑی غلطی ہوئی ہے اور اب اس سے یہ کور نہیں کرسکیں گے۔ خیال رہے کہ شہباز گل کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ آج اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔ ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنا ہے، لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔


