ملک دشمن عناصر 14 اگست پر اپنی موجودگی ثابت کرنا چاہتے ہیں، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر 14اگست کے موقع پر تخریب کاری کے ذریعے اپنی موجودگی ثابت کرنا چاہتے ہیں، دشمن کی ہر سازش کو عوام کی حمایت سے ناکام بنائیں گے۔ یہ با ت انہوں نے ہفتہ کو آئی جی پو لیس بلوچستان عبدالخالق شیخ سے ملاقات کے دوران گفتگوکر تے ہوئے کہی۔ ملاقات میں قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی اور پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور خلیل جارج بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلو چستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تخریب کار عناصر معصوم غریب اور بے گناہ لوگوں کو ٹارگٹ کر کے اپنے مذموم مقاصد پورا کرنا چاہتے ہیں۔ سیکورٹی فورسز ملک دشمن عناصر سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے آئی جی پو لیس کو ہدایت کی کہ تخریب کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام صوبے بھر میں 14 اگست کی تقریبات بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تیار ہیں۔ بلوچستان کے عوام کا جذبہ حب الو طنی ناقابل شکست ہے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخا لق شیخ نے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو سیکورٹی امور سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے سیکورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیکر مزید بہتر کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سیکورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔


