بیرک گولڈ مقامی لوگوں کو اعتماد میں لیکر مثبت تجارت کو فروغ دے،انجمن تاجران بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،حضرت علی اچکزئی،قیوم آغا میر یاسین مینگل،انجمن تاجران نوکنڈی کے صدر واحد بخش بلوچ،کاظم بلوچ،سعداللہ اچکزئی،حاجی ہاشم کاکڑ،عبدالخالق آغا،حاجی ظفر کاکڑ،حاجی حمداللہ ترین،دوست محمد آغا،حاجی خدائیددوست،خرم اختر،حاجی ودان علی کاکڑ،عطامحمد کاکڑ،ظہور آغا،حاجی محمد یونس،نقیب کاکڑ،عزیز بازئی، قاہر ترین،عنایت دورانی،شکور خلیجی،عبدالعلی دمڑ،احسان کاکڑ،نعمت ودیگر نے مشترکہ بیان کہا ہے کہ بیرک گولڈ کمپنی نوکنڈی و علاقے کے تاجران کو کاروبار کے حوالے سے اعتماد میں لیکرنوکنڈی و ضلع چاغی کے تاجران و دکان داران کے ساتھ مثبت تجارت کو فروغ دیں تاکہ اس پروجیکٹ کے اچھے معاشی اثرات علاقے کے تاجران پر اثر انداز ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی بندش مہنگائی اور ٹیکسز کی بڑھنے سے ملک کے دیگر تاجران کی طرح نوکنڈی کے مقامی تاجران بھی مشکلات کا شکار ہیں بیرک گوڈ کمپنی اپنی اشیاء ضرورت نوکنڈی کے تاجران سے لے اور نوکنڈی کے تاجران بیرک گولڈ کمپنی کیساتھ کاروبار کے حوالے سے تمام ملکی قوانین و فرم رجسٹریشن کے قانونی تمام تقاضوں کے مطابق بیرک گولڈ کمپنی کیساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ سابقہ کمپنی ٹی سی سی کی پالیسیوں کے برعکس علاقے کے تاجران کو اعتماد میں لیں تاکہ علاقے کے تاجران و دکان داران بیرک گولڈ کمپنی کے ساتھ کام کریں اور علاقے میں مثبت معاشی اثرات پڑسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران نوکنڈی علاقے کے تاجران کے لئے پہلے بھی آواز اٹھائی ہے اور اب بھی علاقے کے تاجران کے بنیادی حقوق کے لئے آواز بلند کریں گے اور مرکزی انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ بھی ہر فورم پر نوکنڈی کے تاجر برادری اور نوکنڈی کے عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ ساتھ دینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں