نہتے کشمیریوں کیخلاف بھارت ایک تخریب کار ملک ہے، مشعال ملک
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اورگوادر سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں یوم سیاہ منایا گیا۔ اس حوالے سے کوئٹہ اور گوادر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جس سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ کوئٹہ اور گوادر میں لورزآف بلوچستان کے زیر اہتمام ان احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور دختر کشمیر مشعال ملک کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اور کشمیر میں بھارت کے یوم آزادی 15اگست کے موقع پر عوام سراپا احتجاج ہیں اور باہر نکلے ہیں ان کا مطالبہ ہے کہ جمہوریت کا چیمپئن بھارت کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے۔ یاسین ملک سمیت تمام کشمیری حریت پسندوں کورہا کرے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو بھارت انسان ہی نہیں سمجھتا۔ انہیں کیڑے مکوڑے سمجھا جاتا ہے، اس نے ان کے تمام حقوق غصب کئے ہوئے ہیں جانوروں کے بھی حقوق ہیں لیکن کشمیریوں کو ہندوستان میں حقوق حاصل نہیں،کسی جانور کو مارا جائے تو اسے قید کی سزا ہوتی ہے لیکن کشمیری کو شہید کرنے پر ترقی اور میڈلز دیئے جاتے ہیں، یہ وہ قوانین اور اصول ہیں جو بھارت نے کشمیریوں کے حوالے سے اپنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیری قوم کا یہی قصور ہے کہ وہ غلامی کی زنجیریں توڑنے کیلئے کھڑی ہوگئی ہے یہ نہتے کشمیری سر پر کفن باندھ کر اپنی آزادی کی لڑائی لڑرہے ہیں اور ان نہتے کشمیریوں کیخلاف بھارت ایک تخریب کار بن کر سامنے آیا ہے دنیا دیکھ رہی ہے کہ کشمیر میں جمہوریت کا چیمپئن بھارت کیا کررہا ہے۔ کشمیری عوام پر جو ظلم وہ ڈھارہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی لیکن دنیا اس ظلم پر کوئی ایکشن نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہاکہ آج بھارت میں 15اگست کو جشن منایا جارہا ہے جبکہ پاکستان اور کشمیر میں لوگ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری اور عدالتی دہشتگردی کیخلاف نکلے ہیں اور سراپا احتجاج ہیں ان کا قصور یہ ہے کہ وہ اس پر امن سیاسی تحریک کو لیڈ کررہے ہیں ان کے ساتھ ایک تخریب کار کا سلوک کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مودی کشمیری عوام کے خون کا پیاسہ بن گیا ہے لیکن کشمیری عوام کے حوصلے اور ہمت اتنی آسانی سے ٹوٹ نہیں سکے گی کیونکہ ہمارے ساتھ اللہ تعالی کی مدد اور ایمان کی طاقت ہے کشمیر کی وادی میں کوئی گھر ایسا نہیں جہاں سے شہید نہ نکلا ہو اور قربانیاں نہ دی گئی ہوں ہماری آزادی کی یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ ہم بھارت کی گولی اور جیلوں سے ڈرنے والے نہیں۔


