سوشل میڈیا پر فوج کیخلاف مہم کے تمام کرداروں کی گرفتاریوں کا فیصلہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) لسبیلہ ہیلی کاپٹر واقعے میں فوج کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے تمام کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق تفتیشی اداروں کی جانب سے سوشل میڈیا مہم کے کرداروں کیخلاف تحقیقات جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعے پر فوج کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے تمام کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھناؤنی مہم چلانے والوں سے تفتیش کے نتیجے میں ان کے سرپرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق فوج کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں کچھ بھارتی اکاؤنٹس بھی استعمال کیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے فوج کیخلاف مہم چلائی گئی اور فوج کیخلاف شروع کی گئی مہم میں بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہم شروع ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی اس مہم میں شامل ہوگئے اور اب تک کی تحقیقات کے مطابق 17 بھارتی اکاؤنٹس نے اس سوشل میڈیا مہم میں حصہ لیا۔ بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے فوج کیخلاف ہرزہ سرائی میں بھرپور حصہ لیا۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق مہم میں شامل سیاسی جماعت کے کارکنوں کے ویڈیو بیانات پہلے ہی منظرعام پر آچکے ہیں۔ مہم کے پیچھے چھپے دوسرے کرداروں اور ان کے ہینڈلرز تک بھی پہنچا جارہا ہے اور دیکھا جارہا ہے کہ بھارتی اکاؤنٹس کے نام پر کچھ اکاؤنٹس پاکستان سے تو نہیں چل رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں