بختیارآباد، دریائے لہڑی میں سیلابی صورتحال، متاثرہ دیہات میں خوراک کی قلت

بختیارآباد (انتخاب نیوز) لہڑی اور بختیار آباد سمیت گردونواح میں رات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ رات سے جاری بارشوں کے باعث دریائے لہڑی ممکنہ سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے جس سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم کی نااہلی کی وجہ سے سیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو نہ کرنے اور خوراک نہ پہنچانے سے مزید انسانی جانیں ضیاع ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ پچھلے 72 گھنٹوں سے کھلے آسمان تلے بے یارومددگار پڑے ہوئے ہیں۔ خوراک نہ ہونے کی وجہ سے بچوں اور خواتین کا برا حال ہے۔ ہر طرف بھوک و پیاس ہے۔ ادویات نہ ہونے کی وجہ سے مریض تڑپ رہے ہیں۔ تحصیل لہڑی کے سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں تریہڑ، ریلوگلاب، ریلو میاں، کوچی واہ، کنڈی واہ، وزیرہ مندھانی، جعفرآباد، فیروز آباد، قبا بغدار، میرپور، محمدی جت، شہک بغدار، امیر آباد، لوہی بھنڈ، لنڈی نصیر سمیت درجنوں دیہاتوں کے ہزاروں سیلاب متاثرین بے یارو مددگار آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ سیلاب متاثرین کے پاس موجود راشن ختم ہونے سے سینکڑوں بچوں اور خواتین کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات بھی آرہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا نہ پہنچنے پر ممکنہ ہلاکتوں کا خدشہ موجود ہے۔ سیلاب متاثرین نے حکومت بلوچستان، پی ڈی ایم اے حکام اور ارباب اختیار سے فلفور اور ہنگامی بنیادوں پر تحصیل لہڑی کے سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے اور خوراک فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں