ڈی جی لیویز نے اسامیاں فروخت کرکے حقداروں کا حق مارا، میر عارف محمد حسنی
کوئٹہ : رکن بلوچستان اسمبلی میر محمدعارف محمدحسنی نے ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس بلوچستان کی جانب سے لیویز فورس کی اسامیاں فروخت کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی نے اپنے آلہ کاروں کے ذریعے لیویز فورس کے سپاہی کی پوسٹیں فروخت کرکے قواعد و ضوابط کو پیروں تلے روندھ کر کرپشن کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈی جی لیویز فورس نے بلوچستان کے ہر ضلع میں 50 اسامیاں فی پوسٹ 10 لاکھ کے حساب سے فروخت کیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ڈی جی لیویز فورس کے پاس کرپشن کا کوئی ذریعہ نہیں اس لیے وہ پوسٹیں فروخت کررہے ہیں اور بحیثیت ریکروٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین انہوں نے حق داروں کی حق تلفی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکام بالا اور عوام کو سمجھنا چاہیے کہ جو لوگ دس لاکھ کے عوض لیویز فورس کی پوسٹ خرید کر بھرتی ہوئے ان کا عوام کے ساتھ کیسا رویہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو اس کرپشن کا نوٹس لینا چاہیے اور اگر ہماری مدد کی ضرورت پڑی تو ہم نیب کو ان آلہ کاروں کی نشاندہی کریں گے جن کے ذریعے پوسٹیں فروخت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی لیویز فورس کی کرپشن کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کروں گا اور کسی کو یہ اجازت نہیں دوں گا کہ وہ غریب عوام کے حقوق ہڑپ کرے۔


