آفیسر سے تلخ کلامی، پی ڈی ایم اے ملازمین نے بلوچستان بھر میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن بند کردیا

کوئٹہ : صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کے ملازمین نے سینئر ایم بی آر کی جانب سے محکمے کے آفیسر کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد صوبے بھر میں جاری ریسکیو، ریلیف آپریشن اور سروے بندکردیا۔ پی ڈی ایم اے ملازمین کا مطالبہ ہے کہ جب تک وزیراعلیٰ بلوچستان، مشیر داخلہ سینئر ایم بی آر پی کیخلاف نوٹس نہیں لیتے اس وقت تک بلوچستان بھر میں ریسکیو ریلیف آپریشن اور سروے معطل رہے گا۔ جمعہ کو پی ڈی ایم اے کے ایک افسر کے ساتھ سینئر ایم بی آر نے تلخ کلامی کی جس پر محکمہ پی ڈی ایم اے کے ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ریکسیو اور ریلیف آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن معطل ہونے سے متاثرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں