سیلاب متاثرین کی امداد میں فوجی معاونت کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بلوچستان میں سیلابی صورتحال میں فوج کی معاونت میں مزید اضافے کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج ہمیشہ قدرتی آفات اور غیر معمولی حالات میں عوام کی مدد کرنے میں پیش پیش رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فوج اپنی اس شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ افواج کی معاونت عوام اور سول انتظامیہ کے لیے باعث تقویت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور امداد ی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شدید بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے، صوبائی ادارے نامساعد صورتحال کے باوجود سڑکوں کی بحالی کے لیے بھرپور محنت کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فوج کی انجینئرنگ کور اور ایف ڈبلیو او کی مدد سے شاہراہوں کی فوری بحالی ممکن ہوسکتی ہے۔ صو بائی محکمہ مواصلات این ایچ اے اور فوج کے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی پلوں کی تعمیر سے متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے، جس سے متاثرین تک امدادی سامان کی فوری اور بروقت ترسیل ممکن ہوسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہراہوں کی بحالی کے لیے معاونت کے حصول کے حوالے سے فوج سے درخواست کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں