قلات، ہیضے سے 3 سالہ بچی جاں بحق، ادویات و غذائی قلت کا سامنا
قلات (انتخاب نیوز) قلات کے دور دراز علاقے سب تحصیل گزگ میں شدید بارشوں سے نقصانات کی اطلاعات، ہیضے کی وبا سے تین سالہ بچی جاں بحق، گزشتہ دس دنوں سے مواصلاتی نظام درہم برہم، ادویات و غذائی قلت، مکانات گرنے سے آسمان تلے متاثرین امداد کے منتظر ہیں، موبائل سروس نہیں، حکومت فوری ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امداد یقینی بنائے۔ حالیہ مون سون بارشوں سے ملک بھر سمیت قلات کے دیگر علاقوں کی طرح گزگ میں گزشتہ دس دنوں سے سیلابی ریلوں میں سڑکیں بہنے سے زمین رابطے منقطع ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق حکیم محمد طاہر لہڑی نے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزگ میں موبائل سروس نہیں جبکہ راستے بند ہیں۔ علاقے کے لوگوں نے کئی کلو میٹر پیدل سفر کرکے پہاڑ پر چڑنے کے بعد موبائل کے ذریعے آگاہ کیا کہ گزگ میں وبائی امراض پھیل چکی ہیں، ہیضے سے تین سالہ بچی حمیرا بنت لیاقت انتقال کرگئی، کئی مکانات منہدم ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے متاثرین خواتین و بچے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ہیضہ سمیت دیگر وباء پھیلنے کی اطلاعات ہیں، وبا میں مکمل علاقے کی رہائشی مبتلا ہورہے ہیں۔ مواصلاتی نظام مکمل منقطع ہیں، جبکہ عوام کو ادویات کی قلت کا سامنا ہے، لوگ بے یار و مددگار پڑے امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری، وزیر پی ڈی ایم اے کمشنر قلات، ڈی سی قلات، اے سی قلات و دیگر ذمے داران گزگ میں بچی کے مرنے، وباء پھیلنے، غذائی قلت اور زمینی رابطہ بحالی کیلئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے علاقے میں ادویات، راشن ٹینٹ سمیت دیگر امداد پہنچا کر متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائے۔


