ملک بھر میں سیلاب سے 7 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک، بلوچستان میں 5 لاکھ ریکارڈ

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ابتک سات لاکھ 28 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوچکے ہیں اوراس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ 5 لاکھ، پنجاب میں 2 لاکھ، خیبر پختونخوا میں 9 ہزار کے قریب جبکہ سندھ میں 15 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں، پروگریسو فارمز کے مطابق مویشیوں کی ہلاکت سے ملک میں گوشت، دودھ، دہی اور دودھ سے تیار ہونے والی مصنوعات کی قلت پیدا ہوتی جارہی ہے۔ ملک بھر میں جہاں ایک طرف لمپی اسکن کی وبا سے لاکھوں مویشی ہلاک ہوچکے ہیں، وہیں اب سیلاب اور بارشوں سے بڑے پیمانے پر مویشیوں کی اموات ہوئی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 14 جون سے 28 اگست تک ملک بھر کی ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی طرف سے موصول ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق ابتک 7 لاکھ 27 ہزار 144 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں 5 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 771، پنجاب میں دو لاکھ تین ہزار اور سندھ میں 15 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ پنجاب لائیو اسٹاک کے ترجمان ڈاکٹر آصف رفیق نے بتایا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ راجن پور میں دو لاکھ 667 مویشی ہلاک ہوئے ہیں، ڈیرہ غازیخان میں ایک ہزار 784، میانوالی میں 331 جبکہ لیہ میں 5 مویشیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں