نادرا آفس اوتھل میں مواصلاتی نظام معطل، سیلاب متاثرین ریلیف کارڈ سے محروم

اوتھل (انتخاب نیوز) نادرا آفس اوتھل میں ایک ہفتے سے انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے سائلین کے مسائل کا کوئی بھی حل نہ نکل سکا، سیلاب میں لوگوں کے دیگر سامان کیساتھ شناختی کارڈ بھی بہہ گئے، سیلاب متاثرین سرکاری امداد سے محروم۔ لسبیلہ کے صدر مقام شہر اوتھل کے نادرا آفس میں ایک ہفتے سے زائد انٹرنیٹ سروس نہ ہونے سے کام مکمل طور پر بند کردیا گیا، دور دراز علاقوں سے آنیوالے مرد و خواتین سخت مشکلات کا شکار ہوکر رہ گئے،انٹرنیٹ کی بندش گمبھیر مسئلہ بن گیا،سیلاب سے متاثرہ تحصیل اوتھل اور تحصیل لاکھڑا کے سیلاب متاثرین شدید پریشانی میں مبتلا ہوکر رہ گئے،شناختی کارڈ نہ بننے پر وزیراعظم پاکستان کے آنیوالے ریلیف پیکیج سے بھی یہ سیلاب متاثرین یکسر محروم ہیں،نادرا آفس اوتھل آنیوالے متاثرین نے ارمابیل پریس کلب اوتھل میں اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے شناختی کارڈ سمیت ہماری جو بھی جمع پونجی تھی وہ سیلاب بہا کر لے گیا اب حکومت کی جانب سے جو 25 ہزار ملنے ہیں وہ بھی قومی شناختی کارڈ کی پیچیدگیوں کی وجہ نہیں مل پارہے ہیں ہم ایک ہفتے سے مسلسل نادرا آفس اوتھل کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے ہیں،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کھانے کیلئے بھی ترس رہے ہیں،انہوں نے کمشنر قلات ڈویژن،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور نادرا آفس کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا آفس اوتھل میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کیلئے جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں