لاپتہ بلوچ افراد کیلئے آواز اٹھانیوالے خاندانوں کا دکھ اور کرب ختم کیا جائے، اصغر اچکزئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وصوبائی پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست میں حکمرانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے رعایاں کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں بلوچ مسنگ پرسن کیلئے آواز اٹھانے والے خاندان گزشتہ دو دہائیوں سے انتہائی کرب اور دکھ سے گزرہے ہیں جس کسی پر بھی الزام ہو انہیں عدالتوں میں پیش کریں، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں پرامن جدوجہد ایک نہ ایک دن رنگ ضرور لائیگا جس درد سے آپ حضرات گزرہے ہیں ہمیں سب سے بڑھ کر اس کااحساس ہے باپ بھائی اور کزن کی مسخ شدہ جسد کو کندھا دے چکا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں بلوچ مسنگ پرسن کیمپ آمد کے موقع پر وہاں پر موجود خواتین سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عبدالباری آغا ضلع کوئٹہ کے صدر جمال الدین رشتیا ضلعی جنرل سیکرٹری نذرعلی پیرعلی زئی خدائی خدمت گار آرگنائزیشن کے سالار اعلیٰ شاجہان آغا اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بلوچ مسنگ پرسن کے شرکا نے کہا کہ حالات چاہے کچھ بھی ہوں اپنے پیاروں کیلئے پرامن جدوجہد کے ذریعے آواز اٹھاتے رہینگے۔ اس موقع پر بلوچ مسنگ پرسن کے ذمہ داران نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وصوبائی پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی کو آج ہونیوالے سیمنار کی باضابطہ دعوت نامہ دیا۔


