زرعی کالج کو یونیورسٹی کا درجہ اور جلد داخلوں کا اعلان کیا جائے، پی ایس ایف

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری سخی کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ زرعی کالج کی انتظامیہ دانستہ طور پر طلباء کو مشکلات سے دوچار کر رہی ہے۔ زرعی کالج کوئٹہ کے نام پر داخلوں کی مد میں طلباء سے مختلف ناموں پر فیسیں وصول کرکے طلباء کا داخلہ اب پنجگور کالج منتقل کرنا سراسر زیادتی ہے۔ یونیورسٹی کی عمارت مکمل طور پر تیار ہونے کے باوجود کالج کو چلانا اور کالج کو یونیورسٹی کا درجہ نہ دینا پرنسپل صاحب کے کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈ کے نام پر کروڑوں روپے کے پروجکٹ سے تعمیر شدہ چار دیواری میں بند میدان قبرستان کا نظارہ پیش کر رہا ہے۔ پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن مطالبہ کرتی ہے کہ زرعی کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے کر جلد از جلد داخلوں کا اعلان کیا جائے۔ ایگریکلچر کالج کوئٹہ میں جاری مالی بدعنوانی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ملی بھگت سے کالج انتظامیہ ادارے کو مفلوج بنانے کی مذموم کوشش کررہی ہے جس سے یونیورسٹی کا درجہ واپس لیا جاسکے اور بلوچستان کے واحد زرعی یونیورسٹی کو دیوالیہ بناکر یونیورسٹی کی حیثیت کسی اور علاقے منتقل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ملازمین کے گھروں اور سٹوڈنٹس ہاسٹلوں کی تعمیر کی مد میں دیے جانے والے اربوں روپے ہڑپ کردیے گئے طلباء کو ناجائز ہتھکنڈوں سے تنگ کرنے کی روش پر مجبورا تنظیم کو احتجاجی مظاہرے کرنے پڑینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں