سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے پاکستان آئیں گے
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے جمعرات کوپاکستان پہنچ رہے ہیں،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاکہ اپنے دورہ کے دوران عالمی برادری سے پاکستان کے لئے بڑے پیمانے پر امداد کی اپیل کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش شیڈول کے تحت دورہ روزہ دورے پر آج بروز جمعرات کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ ملک میں سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں سے متاثرہ ہونے والے علاقوں کا دورہ کریں گے، امدادی کیمپوں میں رہائش پزیر سیلاب زدگان سے ملاقات بھی کریں گے،اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل انسانی امور اور ہنگامی امداد کے رابطہ کار مارٹن گرفتھ اور دیگر عہدیدار ان کے ہمراہ ہونگے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈیوجیرک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اپنے وفد کے ہمراہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے۔ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے اور وہ پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر مدد کی اپیل کرنے کے لیے پاکستان جارہے ہیں کیونکہ اس وقت پاکستان کو عالمی برادری کی طرف سے بھرپور امداد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ بین الا قوامی برادری سے پاکستان کے متاثرہ افراد کے لئے فوری امداد کی اپیل کررہے ہیں۔ اس وقت یوکرین جنگ پر زیادہ تو جہ دی جارہی ہے کیونکہ لوگ بھول گئے ہیں اصل جنگ توموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی ہے، پاکستان، چاڈ، اور قرن افریقہ، جہاں خشک سالی قحط کا باعث بن رہی ہے وہاں اس وقت سب سے بڑاخطرہ جس سے نمٹنے کی ضرورت ہے وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہیں۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ جو صورتحال آج پاکستان کو درپیش ہے کل کسی اور ملک کو اس سے بھی مشکل حالات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں اس دور کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور اس کو عام مسئلہ سمجھ کر عام انداز سے حل کرنے کی سوچ محض خود کشی ہو گی۔


