عالمی رہنماﺅں کا ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہار
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ملکہ برطانیہ کے انتقال پر عالمی رہنماﺅں نے گہر ے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوے برطانیہ کے لوگوں اور حکومت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ یہ ہمارے ملک کا اداس ترین دن ہے، ملکہ کے جانے سے ہر فرد کا دل غمزدہ ہے۔ طویل حکمرانی کرنے والی الزبتھ دی گریٹ کے لیے ہم سب غمزدہ ہیں۔امریکی صدر جوزف بائیڈن نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک عہد ساز اور بے مثال باوقار شخصیت کی مالک تھیں۔ ملکہ کے سات دہائیوں کے اقتدار میں بے مثال انسانی ترقی اور انسانی وقار کو فروغ ملا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس کے ساتھ امریکا کی قریبی دوستی جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ دنیا میں میری پسندیدہ شخصیات میں سے ایک تھیں۔ میں ملکہ الزبتھ کی کمی بہت محسوس کروں گا۔اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے بھی ملکہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سعودی عرب کے بادشاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ملکہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دوستی کو مضبوط بنانے میں ملکہ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملکہ الزبتھ دوم کے اہل خانہ اور برطانیہ کے لوگوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکہ یو اے ای کی ایک قریبی دوست اور ایک پیاری اور قابل احترام رہنما تھیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والی اور سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی سربراہ مملکت کے طور پر ملکہ الزبتھ دوم کو دنیا بھر میں ان کے وقار، پیار اور لگن کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔ترکیہ،عراق، شام، مصر، روس،نیوزی لینڈ،اٹلی، فرانس، یورپ، یوکرین کے رہنماوں نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہیں۔


