زرعی کالج کوئٹہ کے طلبہ کا داخلہ پنجگور منتقل کرنا زیادتی ہے، پی ایس ایف
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبای صدر طاہر شاہ کاکڑ،صوبائی جنرل سیکرٹری سخی کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ زرعی کالج انتظامیہ دانستہ طور پر طلبہ کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ زرعی کالج کوئٹہ میں داخلہ فیس کی مد میں طلبہ سے بھاری رقم وصول کر کے طلبہ کا داخلہ اب پنجگور کالج منتقل کرنا سراسر زیادتی ہے۔ زرعی یونیورسٹی کی عمارت مکمل طور پر تیار ہونے کے باوجود تدریسی عمل شروع نہ کرنا اور زرعی کالج کو مجوزہ کالج کا درجہ نہ دینا پرنسپل اور انظامیہ کے تعلیم دشمن اقدامات اور کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈ کے نام پر کروڑوں روپے کے پروجیکٹ سے تعمیر شدہ چار دیواری میں بند میدان قبرستان کا نظارہ پیش کر رہا ہے۔ پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن مطالبہ کرتی ہے کہ زرعی کالج کو یونیورسٹی کا مجوزہ کالج کا درجہ دے کر یونیورسٹی میں فوری داخلوں کا اعلان کیا جائے۔ ایگریکلچر کالج کوئٹہ میں جاری مالی بدعنوانی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ملی بھگت سے کالج انتظامیہ ادارے کو مفلوج بنانے کی مذموم کوشش کررہی ہے جس سے یونیورسٹی کا درجہ واپس لیا جاسکے اور بلوچستان کے واحد زرعی یونیورسٹی کو دیوالیہ بناکر یونیورسٹی کی حیثیت کو متنازعہ بنا کر کسی اور علاقے منتقل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ملازمین کے گھروں اور اسٹوڈنٹس ہاسٹلوں کی تعمیر کی مد میں دیے جانے والے اربوں روپے ہڑپ کردیے گئے طلبہ کو ناجائز ہتھکنڈوں سے تنگ کرنے کی پالیسی کو ترک کر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تعلیم دوست اور طلبہ دوست پالیسی بنائی جائے بصورت دیگر پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔


