انفرادی ذمہ داری ہی اجتماعی صحت اور کووڈ 19 سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے: اسد عمر

اسلام آباد ;نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ انفرادی ذمہ داری ہی اجتماعی صحت، تحفظ اور کووڈ 19 سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے۔بدھ کو این سی او سی کا 9مئی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے اپنے صوبوں اور علاقوں میں انسداد کورونا وائرس (کووڈ 19) کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے حوالے سے فورم کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔این سی او سی کو بتا یا گیا ہے کہ عید کی وجہ سے بازاروں میں رش برھ گیا ہے، عوام کی سہولت کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے لیکن وبا کے پھیلنے کا خطرہ بدستور موجود ہے، حفاظتی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ انسداد کورونا وائرس ایس او پیز تمام صوبوں کو بھجوائی گئی ہیں، ریڈیو، ٹی وی چیلنز، سوشل میڈیا سمیت ہر ڈجٹیل پلیٹ فارم کے ذریعے مؤثر عوامی آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔اسد عمر نے کہا کہ صنعتوں اور تعمیراتی شعبے سے متعلق پروٹوکول، مارکیٹوں سمیت ہر شعبے کے لیے جامع ایس او پی بنائی گئی ہیں اور عوام ان سے مکمل آگاہ ہیں۔وفاقی وزیر نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ صوبے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ وبا کا مزید پھیلاؤ روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹریز تین سے چار روز میں طے شدہ ایس او پیز پر 100فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ وبا کا مزید پھیلاؤ رک سکے۔اسد عمر نے کہا کہ انفرادی ذمہ داری ہی اجتماعی صحت، تحفظ اور کووڈ 19 سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 9مئی کے بعد عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام ایس او پیز پر عمل کر کے اپنے سے منسلک افراد، خاندان، معاشرے اور کمیونٹی کی صحت کا خیال رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں