پاکستان میں سیلاب اور تباہی ماحولیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے،مسعود خان
واشنگٹن، اسلام آباد (انتخاب نیوز) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بڑے پیمانے پر تباہی ماحولیاتی تبدیلی کا براہ راست نتیجہ ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز اوپن گلوبل کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔مسعود خان نے کہا کہ سفیر پاکستان مسعود خان نے تارکین وطن پر زور دیا کہ سیلاب کے بعد بحالی کے مرحلے میں امریکی تعلیمی اداروں پاکستان کے تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے قائل کیا جائے،پاکستانی سکولوں اور تعلیمی اداروں کو امریکی انسانی ہمدردی اور فلاحی اداروں سے جوڑا جائے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی تاجروں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات کے حوالے سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے پوری دنیا کے ممالک کو خطرات لاحق ہیں۔پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بڑے پیمانے پر تباہی ماحولیاتی تبدیلی کا براہ راست نتیجہ ہے اور آنے والے وقت میں یہ رجحان مزید بڑھے گا خواہ وہ پاکستان میں ہو یا جنوبی ایشیا یا دنیا کا کوئی اور ملک ہو۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ آج یہ تباہی پاکستان میں ہے کل کوئی اور ملک اس تباہی کا شکار ہوگا۔سفیر پاکستان نے اوپن گلوبل کی صدر عنبرین مرزا کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عنبرین مرزا ایک متحرک لیڈر ہیں جنہوں نے اوپن گلوبل کو نئی قوت فراہم کی ہے۔سفیر پاکستان نے اوپن گلوبل کے چارٹر ممبران کو پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پاکستان کے شعبہ تعلیم پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔مسعود خان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی دلخراش تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا ہے۔مسعود خان نے شرکا کو بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں 1400 سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ 13000 سے زائد زخمی ہیں۔ سیلاب سے 33 ملین کی آبادی متاثر ہوئی ہے اور تقریبا چھیاسٹھ لاکھ افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب ہمارے طلبا کی تعلیم کے حوالے سے بہت بڑا دھچکا ہے جو پہلے ہی کو وڈ کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار تھے۔سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد امریکی کاری افراد سے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اپنی توجہ، توانائی اور سرمایہ کاری کے لیے درخواست کی،سفیر پاکستان نے شرکا کو تعلیم کے شعبے میں پاک امریکہ تعاون پر بھی بریفنگ دی۔ڈویلپمنٹ ان لٹریسی نامی تنظیم کی سی ای او فضا شاہ نے شرکا کو پاکستان میں تعلیم کی بہتری کے لیے اپنی تنظیم کی جانب سے کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ ان لٹریسی (ڈی آئی ایل)1997 سے پاکستان میں کام کر رہی ہے۔ تنظیم نے تقریباً 300,000 طلبا کیلئے کام کیا ہے اور تقریبا 20,000 اساتذہ کو تربیت دی ہے۔فضا شاہ نے مزید بتایا کہ ڈی آئی ایل پاکستان میں نصاب کی ترقی پر بھی کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ فضا شاہ کی قیادت میں ڈی آئی ایل بہترین کام کر رہی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ان کی حمایت، یکجہتی کی بدولت پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے امداد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔عنبرین مرزا نے سفیر پاکستان مسعود خان اور دیگر شرکا کا تفصیلات سے آگاہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیلابی آفت سے نمٹنے کیلئے اوپن گلوبل کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔


