بلوچستان میں وومن کمیشن خواتین کے حقوق کا تحفظ کرے گا، ربابہ بلیدی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وومن پارلیمنٹرین کاکس کی چیئرپرسن پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن کی تشکیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلے وومن کمیشن کی تشکیل خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شریک ہونے کے بہتر مواقع فراہم کرے گی ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں کہی ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین ، بچوں ، اور نظر انداز طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی پر کام جاری ہے حالیہ کابینہ اجلاس میں ڈومیسٹک وائلنس 2014ءکے رولز کی منظوری دی گئی اس سے قبل ہوم بیسڈ ورکرز کا قانون بھی منظور ہوچکا ہے ہماری کوشش ہے کہ زیر التواءتمام مسودہ قانون پر اتفاق رائے قائم کرکے اسمبلی سے منظور کروائے جائیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین اور نوٹیفائیڈاراکین طاہرہ پروین، شاہدہ علیزئی، زرغونہ بڑیچ، ڈاکٹر طاہرہ بلوچ، زرغونہ ودود، اشفاق مینگل، ڈاکٹر تاج بلوچ، رحیمہ جلال، شانیہ خان، اور تنزیلہ صادق کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نو منتخب کمیشن اراکین بلوچستان کی خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے بہتر مواقعوں کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یقین دلایا کہ خواتین کی ترقی اور بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات میں وومن پارلیمنٹرین کاکس ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں