وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا

اسلام آباد،سمرقند(مانیٹرنگ ڈیسک)سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی بیلاروس کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سے جمعرات کے روز بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے دوطرفہ ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرنے پر صدر لوکاشینکو کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کے ذریعے اس خطرے سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی رفتار کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان- بیلاروس مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا اگلا اجلاس جلد از جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا جو کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت اور باہمی تعاون کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او کی مکمل رکنیت کے لیے پاکستان بیلاروس کی کی حمایت کرے گا۔ وزیراعظم نے صدر لوکاشینکو کی طرف سے بیلاروس کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں