یمن، حوثی رہنما کا پبلک پراسیکیوشن آفس پر دھاوا، زبردستی قیدی رہا کرالیا

صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک) حوثی ملیشیا کے ایک رہنما نے وسطی یمن کی گورنری اب میں پبلک پراسیکیوشن کے ہیڈ کوارٹرز پر دھاوا بول دیا اور بزور طاقت ایک قیدی کو فرار کرا دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ حوثی رہنما بوالعباس القحیف اپنے بندوق بردار ساتھیوں کے ساتھ پبلک پراسیکیوشن کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ آور ہوگیا۔ ابو العباس کو حوثی ملیشیا نے القفر ڈائریکٹوریٹ کا سکیورٹی ڈائریکٹر مقرر کر رکھا ہے۔ابو العباس اور اس کے ساتھ آئے جتھے نے عمارت میں قید کئے گئے محمود زید الراعنی کو نکال لیا۔ محمود زید الراعنی پراسیکیوشن کے زیر التوا ایک کیس میں زیر حراست تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہی ابو العباس اس سے قبل بھی مجرمانہ مقدمات کے الزام کے اس قیدی کی گرفتاری میں رکاوٹ بنتا رہا ہے۔ اب گورنری میں پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے جاری سرکاری سرکلر کے مطابق ابو العباس نے محمود زید الراعنی کو اسلحہ کے زور پر رہا کرایا۔ واضح رہے گزشتہ برسوں میں حوثی رہنماﺅں کی جانب سے صنعا اور دیگر زیر تسلط شہروں میں قیدیوں کو اسلحہ کے زور پر رہا کرانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں