آرمی چیف سے چیئرمین دبئی پورٹ ورلڈ کی ملاقات، آرمی ریلیف فنڈ میں 25 لاکھ ڈالر عطیہ
راولپنڈی (انتخاب نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے دبئی پورٹ ورلڈ کے چیئرمین شیخ احمد سلطان بن سلیم کی ملاقات، سیلاب کی تباہ کاریوں، امدادی کوششوں اور بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، شیخ سلطان نے آرمی ریلیف فنڈ میں 25 لاکھ ڈالر کا عطیہ، امدادی کوششوں کیلئے مزید عطیہ کنندگان کو لانے کی بھی پیشکش کی۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے دبئی پورٹ ورلڈ کے چیئرمین شیخ احمد سلطان بن سلیم نے ملاقات کی، جس کے دوران بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں، امدادی کوششوں اور بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ احمد سلطان نے آرمی ریلیف فنڈ کے لئے 25 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا، شیخ سلطان، جنہوں نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی امدادی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اس کی قیادت مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ شیخ سلطان نے پاکستان کے لئے عالمی فورمز پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر انصاف کیلئے آواز بلند کرنے کا عزم بھی دہرایا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی بروقت حمایت پر شیخ سلطان کا شکریہ ادا کیا، پاکستان میں اقتصادی ترقی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ احمد سلطان نے آرمی چیف کو ڈی پی ورلڈ کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی سے بھی آگاہ کیا، شیخ سلطان نے فلڈ ریلیف کی کوششوں کے لئے مزید ڈونرز لانے کی پیشکش کی، شیخ سلطان نے اس دورے کا اہتمام کرنے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان میں مدد کی ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر فخر عالم کا بھی شکریہ ادا کیا۔


