عمران خان کی ذہنی حالت دیکھ کر ان پر ترس آتا ہے، قادر پٹیل
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر صحت اور رہنما پیپلز پارٹی قادر پٹیل نے کہاہے کہ عمران خان کی ذہنی حالت دیکھ کر ان پر بڑا ترس آتا ہے ۔ اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہاکہ عمران خان کو لاحق مرض کا علاج حیدرآباد کے اسپتال میں ممکن ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا عالمی دنیا میں وقار دیکھ نیازی تڑپ رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کا کوئی حکمران عمران خان سے مل کر اپنا وقت ضایع کرنا نہیں چاہتا تھا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی ٹانگوں میں یہ طاقت ہی نہیں کہ حکومت کے خلاف تحریک چلائے ،دو عدد پولیس گاڑیاں دیکھ کر عمران خان پہاڑ میں چھپ جائیں گے ۔ قادر پٹیل نے کہاکہ عمران خان کی ساری اچھل کود سیلاب متاثرین کے 14 ارب روپے ہضم کرنے کے لیے ہے ،شوکت خانم ہسپتال کی رقم چوری کرنے کے ثبوت الیکشن کمیشن میں م وجود ہیں،پیسے دیکھ کر عمران خان کے منہ سے رال ٹپک پڑتی ہے۔


