ڈیرہ اللہ یار، سیلاب متاثرین نے امدادی سامان نہ ملنے کیخلاف کورٹ روڈ پر احتجاجی کیمپ قائم کر دیا

ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز) ڈیرہ اللہ یار میں سیلاب متاثرین نے امدادی سامان نہ ملنے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کورٹ روڈ پر احتجاجی کیمپ قائم کر دیا ۔گوٹھ حاجی غلام حسین رند سمیت مختلف دیہات کے سیکڑوں سیلاب زدگان نے پیر بخش رند ایڈووکیٹ آدم خان رند اور نصراللہ رند کی قیادت میں ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں میں سوار ہو کر ڈیرہ اللہ یار پہنچے اور کورٹ روڈ پر احتجاجی کیمپ قائم کیا اس موقع پر سیلاب متاثرین نے شدید نعرے بازی کی احتجاجی کیمپ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر بخش رند، آدم خان رند، نصر اللہ رند و دیگر کا کہنا تھا کہ سیلاب کو آئے ایک ماہ گزر گیا ہمارے دیہات کے دیہات تباہ ہوئے فصلیں اور باغات اجڑ گئے لوگ بے سروسامانی کی حالت میں کھلے آسمان تلے پڑے ہیں سیلاب سے تباہی کے بعد اب متاثرین وبائی امراض میں مبتلا ہوگئے خواتین بچے بیمار پڑے ہیں حکومت کی جانب سے متاثرین کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا نہ ہی نقصانات کا سروے کیا جا رہا ہے امدادی سامان بندر بانٹ کیا جا رہا ہے بااثر افراد کو ٹرک انکے بنگلوں پر پہنچائے جا رہے ہیں غریب کو راشن کا ایک تھیلا بھی نہیں مل رہا لوگ بھوک سے نڈھال ہیں بعض دیہات میں متاثرین سیلابی پانی پینے پر مجبور ہیں حکومت اور فلاحی ادارے ان علاقوں میں کام کر رہے ہیں جہاں سیلاب نہیں حکومتی شخصیات بھی ان علاقوں کا پے در پے دورہ کر رہی ہیں غریب کی کوئی نہیں سنتا متعدد بار حکومتی نمائندوں اور انتظامیہ کو شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی شائد حکومت سیلاب میں زندہ بچ جانے والوں کو بھوک سے مارنا چاہتی ہے احتجاجی کیمپ پر اسسٹنٹ کمشنر مانجھی پور عبدالکریم بگٹی نے پہنچ کر مظاہرین کے تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے فوری طور پر انکے دیہات میں سروے شروع کروانے کے ساتھ امدادی سامان پہنچانے کی یقین دہانی کروائی جسکے بعد احتجاجی کیمپ ختم کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں