عدالت سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو طلب کرے، رانا ثناءاللہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خان نے سابق وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مبینہ امریکی سائفر کے معاملے پر تحقیقات کیلئے باضابطہ طورپر سپریم کورٹ کو درخواست دیں، سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو طلب کیا جائے، حکومت امریکی سازش کا پلان بنانے سے متعلق عمران خان اور اعظم خان کے درمیان گفتگو کی منظرعام پر آنے والی آڈیو کی فرانزک چھان بین کروائے گی، عمران خان فتنہ ہیں ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے، سیاسی طورپر اسے ختم نہ کیا گیا تو ملک و قوم کو نقصان پہنچاتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر متذکرہ شخصیا ت کی لیک ہونے والی آڈیو سنوائی گئی۔ رانا ثناءاللہ نے کہاکہ عمران خان قوم پر عیاں ہوگئے ہیں اور جو لوگ اس فتنے کی وجہ سے گمراہی کا شکار ہوگئے انہیں بھی آہستہ آہستہ عمران خان کے غیر ملکی آقاﺅں کے ایجنڈے کو سمجھنا شروع ہوگئے ہیں۔ عمران خان کا بیانیہ ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے قوم کو تقسیم کررہا ہے فتنے کے بیانیے کی بنیاد جھوٹ، فراڈ پر مبنی ہے۔ قوم کو اس فتنے کی شناخت کرنی چاہیے ورنہ یہ فتنہ ملک و قوم کو کسی بھی حادثے سے دوچار کرسکتا ہے ۔ ایک وائس چانسلر بھی اس فتنہ گری میں ملوث ہے اور نوجوان نسل کے ذہنوں میں زہر گھولنے کیلئے اس فتنے کو اپنے ہاں بلوایا۔ ہم آئینی طریقے سے آئے اور جس امریکی سازش کا دعویٰ کیا جاتا تھا اس حوالے سے فتنے کی ہنڈیاں بیچ چوراہے پھوٹ گئی ہے۔ وسیع پیمانے پر یہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے قوم کے سامنے فراڈیے، احمق اور فتنہ گھر کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ یہ آڈیو سائفر کی سازشی کہانی کا پارٹ ون ہے اس میں عمران خان اور ان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان گفتگو کررہے ہیں کہ امریکہ کا نام نہیں لینا اور معاملے سے کھیلنا ہے۔ فتنے کے اندر کا گند سامنے آگیا ہے اور یہ بات اس وقت بھی واضح ہوگئی جب عمران خان کے منہ سے نکل گیا کہ اسلام آباد پر آخری واردات کرنے آرہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں عمران خان اور اعظم خان کی گفتگو کے مندرجات پڑھ کر بھی سنائے اور کہاکہ سرکاری سطح پر اجلاس کے منٹس تبدیل کیے گئے پونے چار سال میں پاکستان کا سیاسی کلچر تباہ کرتے ہوئے اسے تنہائی کا شکار کردیا اور بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کرلیا۔ عمران خان نے پاکستان کو معاشی، اخلاقی، سیاسی، سماجی طورپر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہی کرتوتوں کی وجہ سے اتحادی اس کیخلاف ہوگئے اور ہماری حکومت قائم کرنے کیلئے ساتھ دیا۔ امریکی سازش کا بیانیہ جھوٹ اور فراڈ پر مبنی ہے۔ یہ بے شرم انسان ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ مبینہ امریکی سائفر کی تحقیقات کیلئے عمران خان باضابطہ طورپر سپریم کورٹ کو درخواست دیں ۔ اعظم خان کو طلب کیا جائے ۔ ریاست کا مفاد وابستہ ہے عمران خان نے خود کہا تھا کہ سپریم کورٹ کمیشن قائم کرے اب وہ درخواست کیوں نہیں دیتے کہیں ان کے مکروح چہرے کی شناخت نہ ہوجائے۔ عمران خان بیرونی آقاﺅں کے خطرناک ایجنڈے کو مسلط کرنے کیلئے ملک کو کوئی بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اپنی مکاری سے قوم کو الجھانے کی کوشش کررہے ہیں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان اور اعظم خان کی گفتگو کی آڈیو کا فرانزک آڈٹ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ خان نے کہاکہ عمران خان سیاسی فتنہ ہے اسے سیاسی طورپر ختم کرنے کی ہمت نہ کی گئی تو باقی جو نقصان پہنچانا رہ گیا ہے یہ وہ بھی کرگزر سکتا ہے۔ اس کی جن کے پاس کوئی ویڈیو ہے شاید انہیں احساس ہے کہ یہ ویڈیو نہ بتانے والی ہے ، نہ دیکھنے اور نہ دکھانے والی ہے۔ مبینہ امریکی دھمکی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اسے سازش کیسے کہا جاسکتا ہے۔ بھارت روزانہ ایسی دھمکیاں دیتا ہے اس کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا جاتا ہے۔ اس کو سازش کا رنگ کون دے سکتا ہے جبکہ موجودہ حکومت نے امریکی سائفر کی باقاعدہ تحقیقات کرائی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں