بزدل دشمن امن و امان کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(انتخاب نیوز)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملکی سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکے لیکن پاکستان میں امن و امان کی صورتحال پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔حکومت سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مضبوط لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور بم دھماکوں کے واقعات پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہارکرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں اچانک امن و امان کی صورتحال میں خرابی اور دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے ہمارا ازلی دشمن بھارت کا ہاتھ ہے جو نہیں چاہتا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر مسلمہ حقیقت ہے کہ افغانستان میں حالات خراب ہونے کی صورت میں اس کا سب سے زیادہ اثر پاکستان پر پڑتا ہے ۔ ملک دشمن عناصر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کو برداشت نہیں کر رہے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نہتے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں ۔جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دشمن کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ بہت جلد یہ تمام دشمن عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دشمن عناصر کی جانب سے ایک بار پھر ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت امن و امان کی صورتحال کو خراب کی سازش کی جارہی ہے تاکہ ملکی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں جو کہ شکست خوردہ عناصرکی جانب سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھناﺅنی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن الحمداللہ پورا ملک ،سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ہے ۔ سیکیورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے اور دہشت گردی اور ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ہمسایہ ملک افغانستان سمیت بلوچستان اورملک کے دیگر حصوں میں سیکیورٹی فورسز اوعام شہریوں کے واقعات میںجاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے لئے دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں