سرکٹ بینچز مستقل بنیادوں پر فعال نہ ہونے پر بین الصوبائی وکلاءکانفرنس طلب

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان بار کونسل نے سبی، تربت، خضدار اور لورالائی سرکٹ بینچز مستقل بنیادوں پر فعال نہ ہونے اور جوڈیشری میں میرٹ و سنیارٹی کو نظر انداز کرنے کیخلاف بین الصوبائی وکلاءکانفرنس طلب کرلی ہے۔ بین الصوبائی وکلاءنمائندگان کانفرنس 8 اکتوبر کو کوئٹہ میں منعقد ہوگی جس میں بلوچستان ،پنجاب ،خیبرپشتونخوا ،سندھ کے بار کونسلز کے وائس چیئرمین ،چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ،آزاد وجموں کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بلوچستان سے پاکستان بار کونسل اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سبی ،تربت،خضدار اور لورالائی کے عہدیداران شرکت کرینگے ،بیان میں کہاگیاہے کہ اس بین الصوبائی وکلاءنمائندگان کانفرنس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے سبی ،تربت ،خضدار اور لورالائی سرکٹ بینچز کی مستقل بنیادوں پر فعال نہ ہونا ،پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ جوڈیشری میں ججز کی بھرتیوں میں میرٹ اور سنیارٹی کو نظرانداز کرکے اقرباءپروری وکرپشن پر سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے کارروائی نہ کرنا و اس کی غیر فعالیت سمیت جوڈیشری میں احتساب کا نہ ہوناجیسے مسائل زیرغور آئیںگے ،بیان میں کہاگیاہے کہ جوڈیشری میں احتساب ،ججز خود اور اپنے اہل خانہ کے افراد کے نام پر جائیدادوں کی تفصیل عوام کے سامنے لانا،ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے عدلیہ کی گرتی ہوئی ساکھ کی بحالی کیلئے جدوجہد ناگزیر ہے بلوچستان کے وکلاءنے ہمیشہ صوبے اور ملک گیر سطح پر عدلیہ کی وقار ،قانون وآئین کی بالادستی کیلئے جو جدوجہد کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، بین الصوبائی وکلاءنمائندگان کانفرنس میں درپیش تمام اہم امور سے متعلق تفصیلی لائحہ عمل طے کرکے وکلاءبرادری ایک منظم جدوجہد شروع کریگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں