بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، وندر سینٹر کے عملے کیخلاف خواتین کا شاہراہ پر دھرنا
وندر (انتخاب نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام وندر سینٹر عملے کے خلاف خواتین نے وندر شہر سے احتجاجا روڈ بند کردیا دونوں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں احتجاجی مظاہرے میں شریک خواتین کا کہنا تھاکہ ہم کئی ہفتوں سے سینٹر کے چکر کاٹ رہی ہیں نہ تو ہمیں پیسے دیے جاتے ہیں اور نہ ہی کوئی سہولت دی جاتی ہے بچے اور خواتین گلی میں سارا دن دھوپ پر پریشان رہتی ہیں نہ سایہ ہے نہ پینے کا پانی اور نہ بیت الخلا کی سہولت موجود ہے ۔ خواتین کے مشتعل ہونے پر انگاریہ قبیلے کے نوجوان و ڈپٹی چیف آرگنائزر حبیب اللہ جمن انگاریہ اور وڈیرہ عبدالکریم انگاریہ ودیگر نوجوان مظلوم خواتین سے یکجہتی کے لیے آگئے۔ اس دوران ایس ایچ او وندر سید غلام مصطفی شاہ نے ان سے مزاکرات کیے اور پروگرام کے ذمہداروں کے ساتھ رابطہ کرکے احتجاج ختم کرایا ۔ مظاہرین کی قیادت کرنے والے عبدالکریم سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لسبیلہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر وحید خان نے کہاکہ پیر کے روز وندر آکر ان سے تمام معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی تمام جائز مطالبات کو حل کیا جائے گا جبکہ فی الوقت سینٹر کے عملے کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی کہ خواتین کے مسائل کو حل کریں۔


