کوئٹہ شہر کو منشیات سے پاک کرنے کےلئے انتظامیہ اقدامات کرے، ایچ ڈی پی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص ہزارہ ٹاﺅن اور علمدار روڈ کے مختلف ایریاز میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں داخل ہونے کےلئے کئی چیک پوسٹوں سے گزر کے آنا پڑتا ہے، علاقے کے مکین اپنی شناخت کے بغیر اپنے گھروں میں نہیں جاسکتے مگر یہاں منشیات کسی رکاوٹ کے بغیر پہنچ جاتی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاکردگی کی نشاندہی کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جب سے سٹی نالہ سے منشیات کے اڈے ختم کیے گئے ہیں تب سے منشیات کے عادی افراد شہر کے مختلف محلوں اور گلیوں میں آگئے ہیں اور اب ہر گلی و محلہ سٹی نالے میں تبدیل ہوچکا ہے۔ منشیات کے عادی افراد اپنی ضروریات پوری کرنے کےلئے گھروں اور دکانوں سے چوریاں کرکے نشے کی عادت پوری کررہے ہیں انکے محلوں میں آنے کی وجہ سے اب کوئی گھر و محلہ محفوظ نہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے سوچیں کہ انھیں منشیات کی فراہمی کس طرح ہورہی ہے اور کون لوگ سخت چیکنگ کرنے والے چیک پوسٹوں سے کس طرح منشیات پہنچانے میں منشیات فروشوں کی معاونت میں ملوث ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ کوئٹہ شہر کو منشیات سے پاک کرنے کےلئے انتظامیہ اپنی قانونی ذمہ داریاں ہر صورت میں ادا کریں اور گلی محلوں کے رہائشیوں کو انکے شر سے بچانے کےلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں۔


