کوئٹہ ایئرپورٹ توسیع منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، سول ایوی ایشن

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر فہیم یار خان،کارگو منیجر احسن گلریز ترین اور منیجر ٹرمینل کوئٹہ صہیب احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے کا کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر اپ ڈیٹ کیا جائے گا جس کے بعد ائیرپورٹ پر 24/7فلائٹس آپریشن ممکن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی، نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے سول ایوی ایشن کے حکام کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ زاہدان اور کوئٹہ جدہ تک براہ راست فلائٹ آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سے بزنس کمیونٹی کو آمد و رفت اور کاروباری معاملات میں آسانی ہوگی، ایران کے دو نجی کمپنیوں کی جانب سے کوئٹہ زاہدان فلائٹس آپریشن کےلئے استدعا کی گئی ہے ان کی درخواستوں پر نظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے کارگو کرایوں میں کمی بارے بھی بتایا اور کہا کہ کوئٹہ ائیر پورٹ کی توسیعی منصوبے پر کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر فہیم یار خان ودیگر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ائیر پورٹ پر جاری توسیعی منصوبے کا کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر 2022 ءتک کام مکمل جبکہ 31 مارچ کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا، جس کے بعد 24/7 فلائٹس آپریشن ممکن ہوگا اور ہر طرح کے کارگو و دیگر جہاز کوئٹہ ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرسکیں گے۔ انہوں نے کارگو کرایوں کی کمی بارے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی سول ایوی ایشن کی ترجیحات میں شامل ہیں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں