برطانیہ کا سیلاب متاثرین کے لیے مزید 10ملین پاﺅنڈ امداد کا اعلان
اسلام آباد(انتخاب نیوز)برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے مزید 10ملین پاﺅنڈ امداد کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اضافی 10ملین پاﺅنڈ فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد پاکستان پہنچ گئے۔ برطانوی وزیر اپنے دورے میں اہم حکومتی شخصیات، کمیونٹی لیڈرز اور امدادی ایجنسیوں سے ملاقات کریں گے۔اضافی امداد کے سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کو مزید انسانی امداد فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 33ملین سے زائد افرادمتاثر ہوئے ہیں۔ومبلڈن کے ایف سی ڈی او منسٹر لارڈ طارق احمد نے مزید 10ملین پاﺅنڈ کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے، جس سے برطانیہ کی جانب سے دی گئی کل امداد 26.5ملین پاﺅنڈ ہو گئی ہے۔ اضافی امداد فوری طور پر زندگی بچانے کی ضروریات پر خرچ کی جائے گی، جس میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے پناہ گاہیں، پانی اور صفائی ستھرائی کی فراہمی شامل ہیں۔


