امریکی فوجی طیاروں کی نور خان ایئر بیس پر لینڈنگ، جے ڈی وینس کی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچنے کی توقع، عالمی ذرائع ابلاغ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے نور خان ایئر بیس راولپنڈی میں امریکا کے کم از کم 6 فوجی طیاروں نے لینڈنگ کی، دوسری جانب ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس وفد کے ساتھ چند گھنٹوں میں اسلام آباد پہنچنے والے ہیں۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق پیر کو فاکس نیوز سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران سے مذاکرات کے لیے امریکی وفد روانہ ہوگیا ہے، جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد کی چند گھنٹوں میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر مذاکرات میں کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو وہ ایرانی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ٹرمپ نے واضح کردیا کہ ہمیں مذاکرات کرنا ہیں۔ انہوں نے بات چیت ناکام ہونے کے خدشے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میرا خیال ہے کہ کوئی بھی کھیل نہیں کھیل رہا۔ صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایران سے ڈیل آج رات ہوجائے گی۔


