قلات اورکچھی میں فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قلات میں سیکیورٹی فورسز جبکہ بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت اور مو¿ثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔ بلوچستان کے امن کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، عوام اور ریاستی ادارے متحد ہیں۔ امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


