کوئٹہ میں زمینوں کی الاٹمنٹ کیلئے حکومتی کمیٹی مقامی زمینداروں سے معاملات طے کرے، بی اے پی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر وسینیٹر نصیب اللہ خان بازئی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقوں ،نوحصار،اغبرگ،کلی سرہ غوڑ گئی کی زمینوں کے حوالے سے مقامی قبائل کے تحفظات دور کر نے کیلئے حکومت کی الاٹمنٹ کمیٹی اور علاقائی قبائل کی زمیندار کمیٹی کے ساتھ مل بیٹھ کر گفت وشنید سے معاملے کو حل کریں تاکہ لوگوں میں پائی جانے والی تشویش دور ہوسکے یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نواحی علاقوں نوحصار،اغبرگ،کلی سرغوڑ گئی اور گردونواح میں مقامی قبائل کی زمینیں ہیں کلی نوحصار کی اراضیات 1991میں انتقالات اور کیھتونی نمبر ہوچکے ہیں اور عدالت نے بھی فیصلہ مقامی زمینداروں کے حق میں دیا ہے اور متعلقہ علاقوں کے قبائل گزشتہ کئی عرصے سے اس حوالے سے سراپا احتجاج ہیں اور حکام بالا تک اپنی آواز پہنچا رہے ہیں حکام بالا مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کام کو روک کر حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی الاٹمنٹ کمیٹی اور زمینداروں کی علاقائی کمیٹی کے نمائندوں سے مل بیٹھ کر مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کے تحفظات دور ہوں اور ان میں پائی جانے والی تشویش ختم ہوسکے ان کا کہنا تھا کہ میں نے اعلیٰ حکام سے مذکورہ مسئلے کو اٹھا یا ہے اور انہوں نے کام کو روک دیا ہے میری کوشش ہے کہ اس صورتحال کا مستقل حل نکالنے کیلئے دونوں اطراف سے نمائندے مل بیٹھ کر معاملات کو حل کریں تاکہ اس صورتحال کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔


