بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون کے قتل سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل دائر
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پراسیکیوٹر جنرل ساجد ترین ایڈووکیٹ کی ہدایت پر بلوچستان پراسیکیوشن کی تاریخ میں پہلی بار خاتون کے قتل سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بی بی عارفہ نام کی ایک خاتون کو اس کے شوہر نے بے دردی سے قتل کر دیا تھا شوہر کی جانب سے بیان دیا گیا تھا کہ متوفی خاتون صرف بیٹیوں کو جنم دے رہی تھی تاہم بعد ملزم شوہر نے اپنے بیانات بدلتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے غیرت کے نام پر اپنی اہلیہ کو قتل کیا تھا جس کا کیس بلوچستان کی نچلی عدالتوں میں زیر سماعت رہا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزا سنائی گئی لیکن بعد ازاں بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل کے دوران ملزم کو بلوچستان ہائی کورٹ نے بری کر دیا۔ جس کے بعد پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان ساجد ترین ایڈووکیٹ نے محکمہ پراسیکیوشن کو ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کرنے کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں پراسیکیوٹر جنرل ساجد ترین نے کہا ہے کہ جب تک اس عہدے پر بیٹھا ہوں ، معصوم متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کریں گے ، چاہے کچھ بھی ہو اور یہ بھی امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ سے متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گایاد رہے کہ پراسیکیوٹر جنرل ساجد ترین کا چارج سنبھالنے کے بعد بلوچستان کی تاریخ میں 10 سال کے بعد پہلی بار محکمہ پراسیکیوشن کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے کسی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گی ہے۔


