سول ہسپتال کوئٹہ کا ماسٹر پلان، پنجاب کے ادارے نے عملدرآمد کی حامی بھرلی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صحت عامہ کے منصوبوں پر کام کرنے والے حکومت پنجاب کے ادارے انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پروانشل سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کیلئے رضا مندی کا اظہار کردیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا وزیراعلیٰ پنچاب کو مراسلہ، منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کی استدعا، محکمہ صحت بلوچستان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری شعبے میں کام کرنے والے بلوچستان کی سب سے بڑے اسپتال پروانشل سنڈیمن کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے لئے پنجاب میں صحت کے انفرا اسٹرکچر پر کام کرنے والے ادارے آئی ڈی اے پی کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے نام مراسلے میں اس اہم منصوبے پر کام شروع کرنے کی استدعا کی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کابینہ نے بھی سنڈیمن پروانشل اسپتال کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں سول سنڈیمن پروانشل اسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے بتایا ہے کہ آئی ڈی اے پی کو صحت کے مراکز بہترین سہولیات پر مشتمل ہسپتال بنانے میں بے مثال مہارت حاصل ہے، اس لئے سول سنڈیمن پروانشل اسپتال کے ماسٹر پلان کے تحت سرجیکل اور میڈیکل ٹاورز انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے بنوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بلوچستان کابینہ نے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے جبکہ آئی ڈی اے پی اس پنجاب کابینہ سے منظوری حاصل کرکے منصوبے پر کام شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وزیر صحت سید احسان شاہ کی خصوصی دلچسپی سے بلوچستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تاریخ ساز پیشرفت جاری ہے اور ماسٹر پلان کے تحت اس اسپتال کے بنیادی مربوط بنیادی ڈھانچے کی تشکیل، مسائل کی نشاندہی، نقل و حرکت اور صحت کی دیکھ بھال کی مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنانے سے سنڈیمن پروانشل اسپتال پاکستان کے ایک معیاری سرکاری ادارے کی حیثیت اختیار کرلے گا۔


