گوادر،پہلی آزمائشی پرواز مارچ میں چلا دی جائے گی، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی

گوادر(بیورو رپورٹ) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے کہا کہ گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ اگلے برس ستمبرسے کام شروع کردے گاجبکہ پہلی آزمائشی پروازمارچ میں چلائی دی جائے گی‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری کو گوادر میں ترقیاتی کاموں کے بارے تفصیلات بتاتے ہوئے کیا‘انہوں نے کہاگوادر آئندہ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن کر ابھرے گا لہذا بزنس کمیونٹی گوادر پر توجہ دے جہاں ان کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، گوادر بلوچستان کے عوام سمیت پورے ملک کیلئے خوشحالی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا سرمایہ کاروں کو اس میں خصوصی دلچسپی لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں 2500 ایکڑ رقبے پر محیط ایک مرکزی کاروباری ضلع قائم کیا گیا ہے جو سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں جن میں بوٹ پارکنگ پیڈیزر، جیٹی سٹرکچر، پشوکان جیٹی، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، میرین ڈرائیو، اسکول، ہسپتال، ریسٹورنٹ، سینٹرل پارک، پیڈیزر پارک، ساحلی ماڈل پارک، سیاحتی سہولیات، کرکٹ اسٹیڈیم اور چھوٹی ٹک شاپس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد گوادر کے دورے پر بھیجے تاکہ وہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے سکے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ گوادر میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسے فعال بنایا جا سکے جس سے صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی پروازوں کو گوادر میں اتارا جائے تاکہ اسے دبئی اور قطر کی طرح کاروباری سرگرمیاں شروع ہوں۔انہوں نے اپنا وفد گوادر بھیجنے پر غور کریں گے‘چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں