روس نے کیف پر میزائلوں کی برسات کردی ، بجلی کا نظام معطل
کیف (ویب ڈیسک) روس نے یوکرینی دارالحکومت پر میزائلوں کی برسات کرتے ہوئے 50سے زائد میزائل داغ دیے۔ یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روس نے 50 سے زائد میزائلوں سے کئی شہروں کو نشانہ بنایا،جس کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ کارروائی کے دوران تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
مقامی حکام نے شہریوں نے اپیل کی ہے کہ وہ پناہ گاہوں میں رہیں۔ صدارتی مشیر کیریلو تیموشینکو نے کہا ہے کہ یوکرینی کے فضائی دفاع نے چند میزائلوں کو مار گرایا۔ کیف کے میئر نے روسی حملوں کے بعد محلوں میں بلیک آؤٹ کا اعلان کیا ۔ میئر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بمباری سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب روس کی جانب سے یوکرین کی بندرگاہوں سے زرعی پیداوار برآمد کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی کے تحت ہونے والا معاہدہ معطل کرنے کے بعد دنیا میں خوراک کی فراہمی اور اناج کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات ہیں۔
ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق روس نے 29 اکتوبر کو کریمیا میں جہازوں پر حملوں کے بعد یوکرین کی بندرگاہوں سے زرعی پیداوار برآمد کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی کا معاہدہ معطل کردیا تھا۔
گندم کی فراہمی میں خدشات کے سبب قیمت میں 5 فیصد اور مکئی کی قیمت میں 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوگا۔ رواں برس کے اوائل میں گندم کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جبکہ مکئی کی قیمت 10 سال کی بلند سطح پر ہے۔


