عوام عمران کے ملک دشمن ایجنڈے سے واقف ہوچکے ہیں،پیپلز پارٹی بلوچستان
کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی سے منگل کو سیاسی و قبائلی رہنما شکیل احمد دودا تاجک نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبائی ڈپٹی اطلاعات سیکرٹریز قاسم خان اچکزئی، ملک زیشان حسین، فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ، رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی، میڈیا کوارڈینیٹر حیات خان اچکزئی، کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب صدر سید ایوب آغا، پیپلز سپورٹس ونگ کے نائب صدر نوید خان تاجک، صوبائی رہنما ندیم احمد خان، ملک ٹیکا خان حمزہ زئی، ملک عبدالعزیز زرکون ودیگر بھی موجود تھے،ملاقات میں ملکی سیاسی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے پارٹی کے حوالے سے شکیل احمد دودا کے تحفظات دور کئے شکیل احمد دودا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور صوبائی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے قیادت کے شانہ بشانہ پارٹی کو فعال و منظم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش اور تعاون کا اعلان کیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے روزی خان کاکڑ اور سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کو ہی اپنے مسائل کے حل کیلئے نجات دہندہ سمجھتے ہیں اور وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہے اورانشاء اللہ آنے والاوقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی سیاست کوختم کردیا ہے اورعوام عمران نیازی کے ملک دشمن ایجنڈے سے واقف ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کے فتنہ مارچ کو مسترد کردیا ہے۔


