خسارے میں جانیوالے ادارے سالانہ اربوں کھاجاتے ہیں،پراؤیٹائز کیا جائے، صادق سنجرانی


لاہور (این این آئی) چیئرمین سینیٹ آف پاکستان محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ خسارے میں جانیوالے ادارے ہر سال 5 سے 6 ارب روپے کھا جاتے ہیں،ایسے اداروں کو پرائیوٹ کیا جائے، تاجر برادری دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے،انرجی سیکٹر کیلئے پرائیویٹ شعبہ کو آگے لانے کیلئے سینیٹ میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے دسویں اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گو رنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن،ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ،سینئر نائب صدر محمد سلیمان چاولہ، ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی، سابق صدر میاں انجم نثار نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں نائب صدر رفعت ملک،سینیٹر غلام علی،شوکت عمرسن،عمر مسعود الرحمن، ثاقب فیاض مگوں،سلطان رحمن،ظفر محمود چوہدری،عدنان خالد بٹ سمیت کاروباری افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کا تاجر ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا،میں سمجھتا ہوں فیڈریشن چیمبر زآف کامرس کے صدر کا وفاقی وزیر کا سٹیٹس ہونا چاہیے،حکومتیں چلانے میں بھی کاروباری طبقے کا بڑا حصہ ہے، فیڈریشن کے صدر کو وفاقی وزیر کا درجہ دینے کیلئے ٹریڈ ایکٹ 2022میں ترمیم کی جائے گی تاکہ ایف پی سی سی آئی کا صدر عہدہ سنبھالتے ہی اسٹیٹ منسٹر کے عہدے پر بھی فائز ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی وزیر خزانہ سے درخواست کی ہے کہ کراچی کے کاروباری افراد اور چیمبر کے لوگوں کے ساتھ بیٹھیں۔فیڈریشن کے صدر کے عہدے کی مدت دو سال کرنے سے کاروباری معاملات میں بہتری آئے گی۔کاروباری افراد سے گزارش ہے کہ ایکیڈیمیا کے ساتھ روابط مضبوط کئے جائے اورپاکستان کی ایکسپورٹ کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرئے۔دنیا میں آئی ٹی سیکٹر میں بہت کام ہو رہا ہے۔زراعت اور فوڈ سکیورٹی سیکٹر کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا چاہیے۔حکومت سے کہتا ہو کہ بیمار اداروں کو پرائیوٹ کیا جائے، خسارے میں جانے والے ادارے ہر سال 5 سے 6 ارب روپے کھا جاتے ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری پرزور دیا کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔انرجی سیکٹر کیلئے پرائیویٹ شعبہ کو آگے لانے کیلئے سینٹ میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں فیڈریشن کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ تیز رفتار ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کی دل کھول کرمدد کرنے پر ایف پی سی سی آئی قیادت اورتاجر برادری کے جذبہ کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں