گرین اینڈ کلین پروگرام، بیلہ میں ایک لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ آغاز ہی میں ناکام ہوگیا
بیلہ (انتخاب نیوز) گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کے تحت ایک لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ آغا میں ہی ناکامی کا شکار ہوگیا، شجرکاری مہم میں لگائے گئے پودے دیکھ بھال اور پانی نہ ملنے کے سبب سوکھ گئے۔ ضلعی اور مقامی انتظامیہ کے شروع کیے گئے گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کے تحت بیلہ میں ایک لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ناکام ہوگیا، موسمیاتی تبدیلیوں اور نقصانات سے بچاؤ کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم نے گزشتہ ماہ بیلہ شہر اور گردونواح میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے مرحلہ وار ایک لاکھ پودے لگانے کا عزم کیا تھا، اس شجرکاری مہم میں ضلعی اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ محکمہ جنگلات، میونسپل کمیٹی بیلہ، محکمہ تعمیرات و مواصلات، محکمہ زراعت سمیت لیویز فورس بھی شامل تھی، شجرکاری مہم میں لگائے گئے پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب پالتو جانوروں کی خوراک بن کر ضائع ہوگئے۔ عوامی حلقوں نے گرین اینڈ کلین پاکستان (سرسبز و صاف پاکستان) کی ناکامی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کو موثر اور کامیاب بنانے کیلئے پائیدار حکمت عملی نہ ہونے کے باعث منصوبہ ناکام ہوا ہے۔


