کوئٹہ ضلعی انتظامیہ کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائی، 8 دکاندار گرفتار، ایک دکان سیل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ضلعی انتظامیہ کی گرانفروشوں کیخلاف کاروائی جاری، سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر 8 دکانداروں کو گرفتار اور ایک دکان سیل کردی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی عطا المنعم نے ”صحافیوں‘ کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشوں کیخلاف مہم کے دوران سرکی روڈ علمدار روڈ جوائنٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں کاروائیاں کی گئیں سرکی روڈ پر دو ملک شاپس دکانداروں کو گرفتار کر کے ایک دکان سیل کردی گئی جبکہ مختلف مقامات سے سرکاری نرخنامے کیخلاف ورزی پر 6گرانفروشوں کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور سرکاری نرخنامے پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے دکاندار حفظان صحت کے اصولوں کاخیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف ہوٹلز پر بھی اچانک چھاپے مارے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام گرانفروشوں کیخلاف مہم میں بھرپور تعاون کریں ہمارے دروازے سائلین کیلئے 24گھنٹے کھلے ہیں۔


