عوام کو پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم، روزگار ، دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور میرٹ پر بھرتیاں حکومت کی اولین ترجیح ہے،میرسرفراز بگٹی

گوادر(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے ،ڈپٹی کمشنر نجیب اللہ کاکڑ اور انتظامی افسران نے استقبال کیا، پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی دی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے آل پارٹیز گوادر کے وفدنے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو علاقے کے بنیادی مسائل اور عوامی مشکلات سے آگاہ کیا،انہوں نے بنیادی سہولیات کی فراہمی اور درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ و انٹرویوز مقامی سطح پر منعقد کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے گوادر سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ مقامی سطح پر منعقد کرنے کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ضلعی تصیص شدہ کوٹے پر مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنائی جائے گی،کسی مقامی امیدوار کا حق مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھرتیوں میں میرٹ اور ضلعی کوٹے پر سختی سے عملدرآمد ہوگا،انہوںنے محکمہ فشریز اور محکمہ جنگلات گوادر میں غیر مقامی افراد کی تعیناتی کی شکایات کالیتے ہوئے محکمہ فشریز اور محکمہ جنگلات گوادر میں بھرتیوں سے متعلق شکایات کی تحقیقات کا حکم دیا ،جس کی ذمہ داری چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ میں گوادر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو سننے آیا ہوں، گوادر کے عوام کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے، عوامی شکایات اور جائز مطالبات پر فوری کارروائی کی جائے گی، ترقی کے لیے ہر دور میں دعوے کیے گئے، اب گزشتہ 20 سال کا ریکارڈ دیکھیں گے کہ کتنے وسائل خرچ ہوئے،گزشتہ 20 سال میں گوادر کی ترقی کے لیے خرچ کیے گئے وسائل اور ان کے عوام کی زندگی پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، گوادر کی ترقی صرف بڑے منصوبوں تک محدود نہیں رکھی جائے گی ، عوام کو پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مقامی افراد کو ان کا جائز حق دینا حکومت کی ذمہ داری ہے،سرکاری ملازمتوں میں مقامی نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں، ترقی کا حقیقی مقصد عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہے،حکومت گوادر کے عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں اور مقامی نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی، گوادر بلوچستان کی ترقی کا اہم مرکز ہے، یہاں ہونے والی ترقی میں مقامی آبادی کو برابر کا شراکت دار بنانا ہوگا، عوام کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، محض اعلانات پر اکتفا نہیں کریں گے، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، وسائل کے شفاف استعمال اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں