مذاکرات بے نتیجہ، بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری، مال برداری کا نظام معطل

کوئٹہ( آئی این پی )بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے ساتھ آج چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال جاری ہے۔ بلوچستان بھر میں مال بردار ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے جبکہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل بھی مکمل طور پر روک دیا گیا ہے جس کے باعث باربرداری کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق بلوچستان بھر میں تمام باربردار ٹرک کھڑے ہیں اور کسی قسم کی لوڈنگ، ان لوڈنگ یا مال برداری نہیں ہو رہی۔ ہڑتال کے باعث اشیائے خورد و نوش سمیت مختلف ضروری سامان کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔حکومت کے ساتھ تاحال مطالبات کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، تاہم حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات کو چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق حل کرے گی۔بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن واضح کرتی ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق تسلیم نہیں کیے جاتے اور ان پر باقاعدہ فیصلہ نہیں ہوتا، تب تک ہمارا احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں