پولینڈ پر میزائل حملہ، روس پر الزام، نیٹو کا تحقیقات کے بعد اقدامات کا فیصلہ
وارسا (انتخاب نیوز)پولینڈ میں مبینہ روسی میزائل حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، کریملن نے الزام کی تردید کی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی میزائل گرنے کی اطلاعات پر پولینڈ میں قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلالیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ یوکرین سے ملحقہ پولینڈ کے سرحدی علاقے میں روسی میزائلوں کے گرنے کی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائڈر نے بتایا کہ ہم ان پریس رپورٹس سے آگاہ ہیں جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ 2 روسی میزائل پولینڈ یا یوکرین کی سرحد کے اندر کسی مقام پر گرے ہیں۔پیٹ رائڈر نے کہا کہ ابھی اس بات کی تصدیق کیلئے کوئی معلومات نہیں ہیں کہ میزائل حملہ ہوا ہے۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے پولینڈ میں روسی میزائل گرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر کی جانے والی اشتعال انگیزی کا مقصد صورتحال کو خراب کرنا ہے۔


